پوری دنیا کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی سائبر سکیورٹی ایکسپرٹس کی اشد ضرورت ہے،اسد الرحمن
بھاولپور ( علی رضا غوری سے )اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے انفارمیشن و سائبر سکیورٹی سٹوڈنٹ کلب کی جانب سے طلباء و طالبات کے لیے سائبر سکیورٹی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں سائبر سکیورٹی ایکسپرٹ محمد اسد الرحمن نے طلبا ء و طالبات کو سائبر سکیورٹی کی افادیت و اہمیت کے متعلق بتایا۔ اس موقع پر سائبر سکیورٹی ایکسپرٹ محمد اسد الرحمن نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی خدمات کے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں کمپیوٹر سائنس،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ آرٹیفشل انٹیلی جنس، آئی او ٹی اور انفارمیشن سکیورٹی جیسی جدید تعلیم دینا بہاولپور اور گردو نواح کے طلباء و طالبات کے لیے نعمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی سائبر سکیورٹی ایکسپرٹس کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان میں سائبر جرائم و ہیکنگ کے واقعات دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں لہذا پاک سر زمین کی ڈیجیٹل سرحدوں کے لیے ضروری ہے کہ طلباء و طالبات سائبر سکیورٹی کے متعلق سکلز حاصل کریں۔ انہوں نے تفصیل سے بتایا کے ایک طالب علم کس طرح سے سائبر سکیورٹی ایکسپرٹ و ایتھیکل ہیکر بن سکتا ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ پروفیسر آمنہ شفانے انفارمیشن سکیورٹی ڈپارٹمنٹ میں طلباء وطالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تفصیل بتائیں۔ اس موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے انفارمیشن و سائبر سکیورٹی سٹوڈنٹ کلب کے عہدیداران خلیل الرحمن، سارہ حیات، مبشرہ گل، سلمان یاسمین، زبیر، محمد حارث کے علاوہ انفارمیشن سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کے دیگر طلبا و طالبات نے شرکت کی۔