سینیٹ کمیٹی کا انسدادِ الیکٹرانک جرائم (ترمیمی) بل 2025 پر جائزہ

یوتھ ویژن: ( علی رضا ابراہیم غوری سے )

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے سینیٹر فیصل سلیم رحمان کی سربراہی میں آج پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں "انسدادِ الیکٹرانک جرائم (ترمیمی) بل، 2025” پر غور کیا گیا، جو 24 جنوری 2025 کو سینیٹ میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا تھا۔
کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر فیصل سلیم رحمان نے حکومت کو مثبت تجاویز فراہم کرنے اور قانون میں بہتری کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ کمیٹی کے تمام اراکین نے الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر قانون کی اہمیت پر زور دیا اور موجودہ قوانین میں واضح تعریفوں کی کمی کو اجاگر کیا، خصوصاً فحش مواد، بچوں کے تحفظ، اور نفرت انگیز تقریر کے حوالے سے۔

اراکین نے بل کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آن لائن ٹرولنگ اور بدسلوکی جیسے مسائل کو روکنے کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔ تفصیلی بحث کے بعد کمیٹی نے مجوزہ قانون کو بہتر بنانے اور معیاری تجاویز کی تیاری کے لیے مکمل تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں سینیٹرز پلویشہ محمد زئی خان، شہادت اعوان، عرفان الحق صدیقی، عمر فاروق، میر دوستین خان ڈومکی، کامران مرتضیٰ (خصوصی دعوت پر)، اور نسیمہ احسان نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ وزارت داخلہ کے سیکریٹری اور وزارت داخلہ و قانون کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔