ڈی جی آئی ایس پی آر کی آرمی پبلک سکولز کے اساتذہ سے خصوصی ملاقات: پاک فوج کے کردار پر تفصیلی گفتگو

یوتھ ویژن : (مظہر اسحاق چشتی سے ) آرمی پبلک سکول اینڈ کالجز (APS&C) کے اساتذہ کے لیے ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ کو پاک فوج کے کردار، قومی خدمات، اور تنظیمی ڈھانچے کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے افواجِ پاکستان کے بارے میں پھیلائے جانے والے منفی تاثر اور سوشل میڈیا کے اثرات پر گفتگو کرتے ہوئے اساتذہ کو آگاہ کیا کہ وہ نوجوان نسل کو مثبت سوچ اور حقائق پر مبنی معلومات فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اساتذہ نے اس نشست کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مکالمہ نہ صرف پاک فوج کے کردار کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوا بلکہ مختلف قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فوج کی خدمات کا واضح انداز میں ادراک بھی حاصل ہوا۔
مزید برآں، اس سیشن میں سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے کو رد کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے اساتذہ کے ابہامات کو دور کیا اور ان کے سوالات کے مدلل جوابات دیے، جس سے اساتذہ نے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے معلوماتی اور حوصلہ افزا سیشنز کا انعقاد مستقبل میں بھی کیا جائے تاکہ تعلیمی اور قومی اداروں کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں۔