صدر زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ڈونلڈ ٹرمپ کو47 ویں امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

ڈونلڈ ٹرمپ 47 ویں امریکی صدر منتخب
یوتھ ویژن : ( ثاقب ابراہیم غوری سے ) صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پیر کے روز ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کے 47ویں صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
صدرِ پاکستان اور وزیرِ اعظم نے الگ الگ پیغامات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے دورِ صدارت میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے سرکاری ایکس (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹ پر لکھا:

"ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کے 47ویں صدر کا عہدہ سنبھالنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں ان کے ساتھ مل کر پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا منتظر ہوں۔”
مزید پڑھیں : امریکا کے برے دن ختم! ڈونلڈ ٹرمپ نے 47ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ماضی میں دونوں ممالک نے خطے اور اس سے آگے امن و خوشحالی کے لیے مل کر کام کیا ہے، اور یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
انہوں نے صدر ٹرمپ کے دوسرے دورِ صدارت کے لیے کامیابی کی دعا کی اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک مل کر ترقی کی نئی راہیں تلاش کریں گے۔
صدر زرداری نے بھی اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور عالمی امن و ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی تاریخ میں ایک بار پھر صدر منتخب ہو کر اپنے دوسرے دور کا آغاز کیا ہے، جس میں وہ "امریکا سب سے پہلے” پالیسی پر عمل پیرا رہنے کا عزم رکھتے ہیں۔