ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف کی جی ایچ کیو آمد، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات

ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف کی جی ایچ کیو آمد، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات

یوتھ ویژن : ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے پیر کے روز جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جی ایچ کیو پہنچنے پر میجر جنرل محمد باقری نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

اس سے قبل میجر جنرل محمد باقری نے ایوانِ صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور دوطرفہ اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور ایران کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور باہمی فائدے کے لیے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر سیکریٹریٹ کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ چیلنج ہے اور دونوں ممالک کو اس کے تدارک کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات کرنا ہوں گے۔

ایرانی افواج کے سربراہ نے فلسطین اور لبنان کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کو سراہا۔

میجر جنرل محمد باقری، جو ایک اعلیٰ سطحی فوجی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، اتوار کے روز آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی دعوت پر اسلام آباد پہنچے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق جنرل محمد باقری نے پاکستان کے ساتھ فوجی اور سیکیورٹی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔

اسلام آباد پہنچنے کے بعد ایرانی جنرل نے کہا، "گزشتہ سال خطے میں اہم واقعات رونما ہوئے ہیں، جہاں ایران اور پاکستان، دو اسلامی ممالک کے طور پر، مغربی اور جنوبی ایشیا کے حساس علاقے میں واقع ہیں۔”

یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes