امریکا کے برے دن ختم! ڈونلڈ ٹرمپ نے 47ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

یوتھ ویژن : ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری مرتبہ امریکی صدر کا حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس جان رابرٹس نے انہیں 47ویں صدر کی حیثیت سے حلف دلایا۔ اس موقع پر نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ حلف برداری کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کو توپوں کی سلامی دی گئی۔
اپنے پہلے خطاب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ "امریکا کا سنہرا دور شروع ہو چکا ہے، ہم امریکا کی خودمختاری کو بحال کریں گے اور سب سے پہلے امریکا کی پالیسی کو یقینی بنائیں گے۔” انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت قانون کی بالادستی اور عوام کی خوشحالی پر توجہ دے گی۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکی معیشت میں تیزی سے بہتری آئے گی، ترقی اور خوشحالی ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہو گی۔ انہوں نے سابق حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ داخلی مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہیں، لیکن ان کی قیادت میں امریکا کو دوبارہ عظیم بنایا جائے گا۔
انہوں نے ماحولیات کی پالیسیوں میں تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے "گرین نیو ڈیل” اور الیکٹرک گاڑیوں کے مینڈیٹ کو ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
تقریب میں سابق امریکی صدور بل کلنٹن، باراک اوباما، اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے موقع پر ملک بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ کیپٹل ہل میں اہم کاروباری شخصیات اور حکومتی نمائندے بھی موجود تھے۔
دوسری جانب سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن نے اپنے آخری لمحات میں اپنے خاندان کو صدارتی معافی دے دی۔ تقریب کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ اور جو بائیڈن کے درمیان مختصر ملاقات بھی ہوئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر کے اختتام پر عوام سے اپیل کی کہ وہ رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر متحد ہوں اور امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں۔