نواز شریف نے مذاکرات ناکام بنانے کی ذمہ داری اپنی ٹیم کو سونپ دی، بیرسٹر سیف

یوتھ ویژن : ( مظہر اسحاق چشتی سے ) خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی ٹیم کو پی ٹی آئی اور حکومت کے مذاکرات ناکام بنانے کا مشن دے دیا ہے۔
بیرسٹر سیف کے مطابق حالیہ ملاقات کے بعد نواز شریف کیمپ میں بےچینی پھیل گئی ہے، اور اب حکومتی مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر منتخب عناصر اپنی ناجائز حکومت بچانے کے لیے مذاکرات کو ناکامی کی طرف لے جا رہے ہیں۔
ترجمان کے پی حکومت نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ملک میں سیاسی استحکام کے لیے خلوصِ نیت سے مذاکرات کر رہی ہے، لیکن کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ امن کی راہیں ہموار ہوں۔ انہوں نے حکومتی وزراء پر زور دیا کہ وہ اپنے حلف کا پاس رکھتے ہوئے مذاکرات کے معاملے کو سیاسی بنا کر خراب نہ کریں۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا ہے کہ عدالتی فیصلے کے باوجود مذاکرات جاری رہیں گے، لیکن اگر 7 دن میں کمیشن پر پیش رفت نہ ہوئی تو مذاکرات کا سلسلہ ختم کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی ہے، جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔ احتساب عدالت نے القادر یونیورسٹی کو سرکاری تحویل میں لینے کا بھی حکم دیا ہے۔