وزیرِاعظم کا اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے جدید کارگو اسکیننگ سسٹم نصب کرنے کا حکم

یوتھ ویژن : ( عمران قذافی سے ) وزیرِاعظم شہباز شریف نے جمعہ کے روز کراچی سمیت ملک کے دیگر اہم تجارتی مراکز میں بین الاقوامی معیار کے جدید کارگو اسکیننگ سسٹم نصب کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ اسمگلنگ جیسے مسائل پر قابو پایا جا سک
وزیرِاعظم نے کہا کہ تجارتی مراکز میں پرانے اسکیننگ، ٹریکنگ اور ٹریسنگ سسٹم کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس نئے نظام سے تبدیل کیا جائے۔
انہوں نے کارگو ٹریکنگ سروسز فراہم کرنے والے اداروں کے معیار کی تھرڈ پارٹی تصدیق کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔
وزیرِاعظم نے نشاندہی کی کہ ٹریکنگ سسٹم کی بہتری کی بدولت اسمگلنگ میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات کے باعث افغانستان کو 211 ملین ڈالر مالیت کی چینی کی برآمد ممکن ہوئی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مربوط مواصلاتی نظام اور بہتر کارگو ٹریکنگ کی بدولت پاکستان خطے کے دیگر ممالک کے لیے تجارتی راہداری کا مرکز بن جائے گا۔
اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔