سعودی شہزادی کی شاندار کامیابی: ایشین یوگا فیڈریشن میں اہم عہدہ سنبھال لیا

ریاض: سعودی شہزادی مشعیل بنت فیصل السعود نے یوگا کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ وہ ایشین یوگا اسپورٹس فیڈریشن کے بورڈ میں شامل ہونے والی سعودی عرب کی پہلی رکن بن گئی ہیں، جو ان کی نمایاں کامیابی ہے۔
سعودی یوگا کمیٹی نے ایکس پر ان کی کامیابی کی خوشخبری دیتے ہوئے لکھا، "ہم شہزادی مشعیل بنت فیصل السعود کو اے وائی ایس ایف کی بورڈ ممبر اور خواتین و بچوں کی حفاظت کمیٹی کی صدر کے طور پر تقرری پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔”
شہزادی مشعیل نہ صرف یوگا میں مہارت رکھتی ہیں بلکہ خواتین اور بچوں کے حقوق کی پرجوش وکیل بھی ہیں۔ ان کا پندرہ سالہ یوگا تجربہ ہتھا یوگا، اشٹنگا ونیاسا یوگا، مراقبہ، اور یوگا تھراپی پر محیط ہے۔
مزید برآں، شہزادی مشعیل عرب سائیکلنگ فیڈریشن اور سعودی سائیکلنگ فیڈریشن کی خواتین کمیٹیوں کی صدارت کے علاوہ، کھیلوں میں خواتین کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے کام کرتی رہی ہیں۔
یہ تاریخی اقدام سعودی خواتین کی ترقی اور کھیلوں میں ان کی بڑھتی ہوئی شمولیت کا مظہر ہے۔ شہزادی مشعیل کی یہ کامیابی سعودی عرب کے لیے ایک فخر کا لمحہ ہے۔