کورنا ویکسین اب ملے گی آپ دہلیز پر، حکومت پنجاب کا Reach Every Door مہم کا آغاز
بہاول پور: ( یاسر ملک سے )ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر کرونا ویکسی نیشن کی خصوصی مہم آپ کی دہلیز تک(Reach Every Door) کے اہداف کے حصول کے لیے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف اپنا کردار ادا کریں۔ وہ اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں کرونا ویکسی نیشن کی خصوصی مہم آپ کی دہلیز تک کے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لے رہے تھے۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال، سی ای او ایجوکیشن ظہور احمد چوہان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طارق ارائیں، ضلع بھر کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کرونا ویکسی نیشن کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک انداز میں کام کریں تاکہ لوگوں کی زندگی محفوظ رہ سکے۔ انہوں نے کہ سکول طلباء کی کروناویکسی نیشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تمام گلی، محلوں اور دیہات میں جا کر 12 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو کرونا ویکسین لگائی جائے۔ چیف ایگزیکٹوآفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال نے بتایا کہ ضلع بھر میں کرونا ویکسین کی خصوصی مہم جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کونسل بہاول پور کی88یونین کونسلوں،بہاول پور سٹی کی21 اور میونسپل کمیٹی یزمان، احمد پور شرقیہ، خیرپور ٹامیوالی، حاصل پور اور اوچ شریف میں مجموعی طور پر316 سے زائد ٹیمیں فیلڈ میں فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موبائل ٹیموں کی کارکردگی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں قائم75بنیادی مراکز صحت، 12 رورل ہیلتھ مراکز،4 تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال اور13دیگر مقامات پر فکس ٹیمیں کرونا ویکسی نیشن سہولت فراہم کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے بھرپور استفادہ کیا جائے تاکہ کرونا سے محفوظ رہا جا سکے۔۔