پنجاب حکومت فنِ خطاطی کے فروغ کے لیے بھرپوراقدامات کررہی ہے، سیمابیہ طاہر
راولپنڈی(مبشر بلوچ سے) ممبرپنجاب اسمبلی سیمابیہ طاہرنے کہا ہے کہ پنجاب حکومت فنِ خطاطی کے فروغ کے لیے بھرپوراقدامات کررہی ہے۔ فنِ خطاطی کے فروغ کے لیے پنجاب بھرمیں مقابلہ خطاطی اورنمائش کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ بات انھوں نے پنجاب آرٹس کونسل کے زیراہتمام عشرہ شان رحمت للعالمین کے سلسلے میں معروف خطاط محمد عظیم اقبال کے عہدنبوی پرمبنی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سیمابیہ طاہرنے کہا کہ حضوراکرم ؐ کی ذات پوری دنیا کے لیے مشعل راہ ہے۔دنیا وی و آخروی زندگی کے لیے ضروری ہے کہ ہم ان کے نقش قدم پرچلیں۔ انھوں نے کہا کہ محمد عظیم اقبال ایک ماہرخطاط ہیں اوران کے فن پارے عہدنبوی کی یاددلاتے ہیں۔ ناہیدمنظورکا کہنا تھا کہ محمد عظیم اقبال آرٹس کونسل کا لگایا ہوا پودا ہے جوآج ایک تناوردرخت بن چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عظیم اقبال کے فن پارے کئی اسلامی ملکوں میں بھیجے گئے ہیں۔ ڈائریکٹرآرٹس کونسل وقاراحمدنے کہا کہ آرٹس کونسل کا پلیٹ فارم نوجوان آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی میں مددگارثابت ہورہا ہے۔ نمائش میں معروف شخصیت ڈاکٹرفرحت عباس، علی اصغرثمر،محمودہ غازیہ، آفتاب چنگیزی اوردیگرشریک ہوئے۔ عہدنبوی پرمبنی خطاطی کی یہ نمائش 22 اکتوبرتک جاری رہے گی۔