اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپوروائس چانسلر ڈاکٹر محمد کامران نے ورلڈ سوائل ڈے کی شاندار تقریبات کا افتتاح کیا
یوتھ ویژن : ( علی رضا ابراہیم غوری سے ) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ورلڈ سوائل ڈے کی تقریب-
بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیقی سرگرمیوں کو قومی مقاصد اور ترقی سے منسلک کرنا چاہیے۔ ان تحقیقاتی سرگرمیوں کے فوائد ملک کی معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی میں اضافہ کریں گے۔
انہوں نے یہ بات ورلڈ سوائل ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو ڈپارٹمنٹ آف سوائل سائنسز، فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ میں منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر نے زرعی سائنسدانوں کی تحقیق کو ملکی زراعت کے لیے انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ کسان برادری کے ساتھ براہ راست رابطہ ضروری ہے تاکہ زراعت کے مسائل کے عملی حل پیش کیے جا سکیں۔
اس موقع پر، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ، پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین ترابی نے کہا کہ زمین زندگی کا بنیادی جزو ہے جو معدنیات، نامیاتی مادے اور ہوا پر مشتمل ہوتی ہے۔ یہ پودوں کی نشوونما، کیڑوں اور مائیکرو آرگنزمز کے لیے مسکن فراہم کرتی ہے اور پانی کے فلٹریشن کے نظام کا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمین خوراک، لباس، رہائش اور دوا کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے اس کا تحفظ زندگی کی بقا کے لیے ضروری ہے۔
ڈپارٹمنٹ آف سوائل سائنسز کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مقصوف احمد نے بتایا کہ ورلڈ سوائل ڈے منانے کا تصور 2002 میں پیش کیا گیا تھا اور 2013 میں اقوام متحدہ نے 5 دسمبر کو باقاعدہ طور پر اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا اعلان کیا۔
اس سال ورلڈ سوائل ڈے کا موضوع "زمین کی دیکھ بھال: پیمائش، نگرانی، اور انتظام” ہے، جس کا مقصد زمین کے درست ڈیٹا اور پائیدار انتظام کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
تقریب کے دوران ایک کیک کاٹا گیا اور طلبہ نے ایک خصوصی آگاہی واک میں حصہ لیا، جس میں زمین کے تحفظ کی اہمیت کو ماڈلز اور پوسٹرز کی مدد سے نمایاں کیا گیا۔