پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان کراچی میں گھر سے گرفتار
یوتھ ویژن : ( مظہر اسحاق چشتی سے ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور ’فکس اٹ‘ کے بانی عالمگیر خان کو بدھ کے روز کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال بلاک 7 میں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کی بھاری نفری نے عالمگیر خان کے گھر پر چھاپہ مارا، جس میں خواتین پولیس اہلکار بھی شامل تھیں۔ ذرائع کے مطابق عالمگیر خان کی گرفتاری پی ٹی آئی کے 26 نومبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں ہونے والے مظاہرے کے دوران پیش آنے والے ہنگامے کے کیس میں کی گئی ہے، جو پی ٹی آئی بانی عمران خان کے "کرو یا مرو” احتجاج کی کال پر ہوا تھا۔
اس کیس میں پی ٹی آئی بانی عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور دیگر مرکزی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔
اس سے قبل انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے کیس نمبر 1032 میں ڈی چوک احتجاج کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں کے الزامات پر پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ ان رہنماؤں میں عمر ایوب، فیصل جاوید، اور خالد خورشید سمیت دیگر شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال عالمگیر خان اور دیگر تین افراد کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر گندا پانی پھینکنے کے کیس میں بری کر دیا گیا تھا۔