مصدق ملک کا روس کے ساتھ خام تیل معاہدے کی خبروں کی تردید
یوتھ ویژن : ( منیب علوی سے ) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم، مصدق ملک نے بدھ کے روز روس کے ساتھ خام تیل کے معاہدے کی خبروں کی تردید کر دی۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں مصدق ملک نے واضح کیا کہ روس سے خام تیل خریدنے کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایندھن کی قیمتوں کا ڈی ریگولیشن عوام کے لیے فائدہ مند ہوگا اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکو میں جاری بین الحکومتی اجلاس کے دوران دونوں ممالک نے جنوری 2025 سے خام تیل کی تجارت دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس کے تحت پاکستان ہر ماہ ایک کارگو درآمد کرے گا۔
تاہم، مصدق ملک نے ان رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت روس سے کوئی خام تیل خرید نہیں رہی۔ انہوں نے کہا، "ہم ایسا فریم ورک بنا رہے ہیں جس سے صارف کو سستا تیل مل سکے۔”
پاکستان نے 2023 میں روس سے خام تیل درآمد کرنے کا معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت 100,000 میٹرک ٹن تیل ریاستی ادارے پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کو فراہم کیا گیا۔
اس معاہدے کے تحت پاکستان نے رعایتی نرخوں پر خام تیل خریدنے کے لیے چینی یوآن میں ادائیگی کی تھی۔