اسلامیہ یونیورسٹی میں جنوبی ایشیاء کے آثار قدیمہ کی نئی لیب کا افتتاح، تاریخی ورثے کی بحالی میں بڑا قدم
یوتھ ویژن : وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور ایم این ایس یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے تابش الوری بلڈنگ بغداد الجدید کیمپس میں نئی قائم کردہ لیبارٹری برائے جنوبی ایشیاء میں آثار قدیمہ کے ورثے کا نقشہ بنانے کے(MAHSA)پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔
لیب کے جدید ترین تکنیکی آلات کی مالی اعانت برطانیہ میں قائم غیر منافع بخش تنظیم آرکیڈیا فنڈ نے MAHSA پروجیکٹ ٹیم اور اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کے محققین کی کوششوں نےکی ۔ پروفیسر ڈاکٹر عامر سہیل، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگوئجز، ڈاکٹر سمیعہ خالد چیئرپرسن شعبہ تاریخ ، محمد وقار مشتاق اور پراجیکٹ کے معاونین ڈاکٹر معظم خان درانی اس موقع پر موجود تھے۔
محمد وقارمشتاق نے لیب میں نصب جدید آلات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی تعلیمی اور تحقیقی صلاحیتوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ خطے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ان وسائل کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے فنڈز کے حصول اور لیب کے قیام میں وقار مشتاق اور ڈاکٹر معظم خان درانی کی نمایاں کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کو عملی جامہ پہنانے اور تجربہ کرنے کے لیے آنے والے ہفتوں میں اس سہولت کا دوبارہ جائزہ لینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔