سیرت چیئر جامعہ اسلامیہ بہاولپور کے زیر اہتمام اساتذہ کرام کے لیے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

سیرت چیئر جامعہ اسلامیہ بہاولپور کے زیر اہتمام اساتذہ کرام کے لیے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

یوتھ ویژن : ( ڈائریکٹر آف پبلک ریلیشنز شہزاد احمد خالد سے ) سیرت چیئر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور درجہ بدرجہ یونیورسٹی اساتذہ، ائمہ وخطباء، اسکولز، کالجز اور یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات کی سیرت النبیﷺ کی روشنی میں تربیت کے لیے مختلف اقدامات کرتی رہتی ہے۔

جس کا مقصد اعلیٰ اقدار کے حصول اور نبوی طرز عمل پر مثالی معاشرے کی تشکیل ہے۔ سیرت چیئر، فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک اسٹڈیز دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کے زیر اہتمام دو روزہ تربیتی ورکشاپ بعنوان”پرائیویٹ اسکولز میں بچوں کی اخلاقی تربیت (سربراہانِ ادارہ کی ذمہ داریاں) سیرت النبیﷺ کی روشنی میں” منعقد ہوئی ۔

بہاولپور شہر بھر سے 150 کے لگ بھگ خواتین وحضرات پرنسپلز و اساتذہ نے شرکت کی۔یہ ورکشاپ مکتب تعلیم القرآن الکریم کراچی کے اشتراک اور اعتدال فاؤنڈیشن لودھراں کے تعاون سے کروائی گئی۔ ورکشاپ کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن ڈائریکٹر سیرت چیئر نے کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر محمد زوہیب احمد، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ ادیانِ عالم وبین المذاہب ہم آہنگی نے سر انجام دیئے۔ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت مولانا ذیشان الحق نے حاصل کی۔

جب کہ ڈاکٹر زوہیب احمد نے پیر نصیر الدین شاہ کے نعتیہ اشعار پیش کیے۔ ٹرینرز نے ملٹی میڈیا کی مدد سے ورکشاپ کے شرکاء کو دوسرے روز پانچ گھنٹے پر مشتمل ٹریننگ دی۔ مولانا محمد ابوبکر، اسکول کوآرڈینیٹر مکتب تعلیم القرآن الکریم سینٹر بہاولپور نے اساتذہ کی ذمہ داریوں تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر گفتگو کی کہ ورکشاپ میں شریک اساتذہ دیگر اساتذہ کو کس انداز میں تربیتی لٹریچر سکھا سکتے ہیں۔

کلیدی ٹرینر جناب محمد رضوان صدیقی، ہیڈ آف اسکول ڈیپارٹمنٹ مکتب تعلیم القرآن الکریم کراچی نے "خدمت خلق سیکھنا” کے عنوان پر گفتگو کی۔ انہوں نے بچوں میں خدمت خلق کے جذبے کو اجاگر کرنے کے لیے متعدد طریقوں پر سیر حاصل بات کی۔ مولانا محمد ارسلان نواب، اسسٹنٹ ٹرینر مکتب تعلیم القرآن الکریم کراچی نے "اچھا نصاب” کے عنوان پر گفتگو کی۔ انہوں نے اسکولز میں اسلامیات کے نصاب کو پڑھانے کی مؤثر تراکیب اور اسلامیات کے اساتذہ کی پیشہ وارانہ خصوصیات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ آپ نے اس نکتے پر زور دیا کہ بچوں کی عملی زندگی میں اسلامیات کی جھلک کیسے نظر آسکتی ہے۔ جناب مولانا احسن علی خان ایسوسی ایٹ ٹرینر مکتب تعلیم القرآن الکریم کراچی نے "والدین پر محنت” کے عنوان پر اپنے شگفتہ انداز میں ہدایات فرمائیں۔

آپ نے بچوں کی تربیت میں والدین کے کردار کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے اساتذہ کو ان کی اہم ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن ڈائریکٹر سیرت چیئر نے صدارتی کلمات میں تمام پرنسپلز، اساتذہ اور مہمانان گرامی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے خطبے میں سیرت طیبہ سے معمور زندگی گزارنے کے لیے راہنما اصول بیان کیے۔ پروگرام کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن ڈائریکٹر سیرت چیئر اور جناب محمد رضوان صدیقی ہیڈ آف اسکول ڈیپارٹمنٹ مکتب تعلیم القرآن الکریم کراچی نے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ سیرت چیئر کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن نے ٹرینرز کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ پہلے روز ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت مولانا ذیشان الحق نے حاصل کی۔

نعت رسول مقبول ﷺ  کی سعادت حافظ حسیب الرحمان نے حاصل کی۔ پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک اسٹڈیز نے افتتاحی خطبہ دیتے ہوئے عصر حاضر میں بچوں کی تربیت کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا اور اس کار عظیم کو نبوی فریضہ قرار دیتے ہوئے، اس میں منہمک افراد کو خوش خبری دی۔ 

انہوں نے گھر اور تعلیمی درسگاہ کو مثالی معاشرے کے پنپنے کی جگہ قرار دیا اور اس کی تربیت کو بنیادی اہمیت دی۔ ٹرینرز نے ملٹی میڈیا کی مدد سے ورکشاپ کے شرکاء کو پہلے روز پانچ گھنٹے پر مشتمل ٹریننگ دی۔ کلیدی مقرر ٹرینر جناب محمد رضوان صدیقی، ہیڈ آف اسکول ڈیپارٹمنٹ مکتب تعلیم القرآن الکریم کراچی نے "تربیتی عنوانات رائج کرنا” کے عنوان پر تقریر کرتے ہوئے اسکولز میں بچوں کی اخلاقی تربیت پر سیر حاصل گفتگو کی، جس میں انہوں نے اساتذہ کی ذمہ داریاں، بچوں کی تربیت اور والدین کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے سیرت النبیﷺ کی روشنی میں روزمرہ کے تمام کاموں کو مختلف حصوں میں تقسیم کرکے احادیث کی روشنی میں  ان کے متعلق رہنمائی پیش کی۔  ایسوسی ایٹ ٹرینر جناب مولانا محمد احسن علی خان نے "اچھا ماحول” کے عنوان پر تفصیلی بریفننگ تھی۔ انہوں نے اچھے اور برے ماحول کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پوائنٹس کی صورت میں اچھے اور برے ماحول کی خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ اسسٹنٹ ٹرینر جناب مولانا محمد ارسلان نواب نے "اساتذہ پر محنت” کے عنوان پر بات کی۔ انہوں نے بچوں کی تربیت میں اساتذہ کے کردار کی اہمیت پر زور ڈالا اور اسے بچوں کے مستقبل کے لیے کلیدی عنصر قرار دیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes