کرنسی نوٹوں سے شیخ مجیب کی تصویر ہٹانے کا غیر متوقع فیصلہ

بنگلادیش کی عبوری حکومت نے ملک کے کرنسی نوٹوں سے شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بنگلادیشی میڈیا کے مطابق وزارت خزانہ اور مرکزی بینک نے اس فیصلے کی توثیق کر دی ہے، جبکہ بینک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے نوٹوں کے ڈیزائن کی تجاویز پیش کرے۔ ابتدائی طور پر چار کیٹگریز کے نوٹوں کو دوبارہ ڈیزائن کیا جائے گا، تاہم تمام نوٹوں کی تبدیلیاں مرحلہ وار کی جائیں گی۔
29 ستمبر کو وزارت خزانہ نے بنگلہ دیش بینک کو خط کے ذریعے ہدایت کی کہ نئے نوٹوں کے لیے ڈیزائن کی تجاویز جلد از جلد پیش کی جائیں۔ مرکزی بینک کی کرنسی اور ڈیزائن ایڈوائزری کمیٹی ان تبدیلیوں کا جائزہ لے گی اور سفارشات فراہم کرے گی۔
اس فیصلے کو شیخ حسینہ کی حکومت کے ماضی کے طرز عمل سے ایک مختلف رخ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ پہلے شیخ مجیب الرحمٰن کی شبیہ اکثر نوٹوں اور سکوں پر نمایاں تھی۔