اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی عالمی رینکنگ میں بڑی کامیابی، ٹاپ 10 پاکستانی جامعات میں جگہ بنالی
یوتھ ویژن : اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے عالمی سطح پر ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ برائے سال 2025 میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ یونیورسٹی نے دنیا بھر کی 801-1000 بہترین جامعات میں جگہ بنائی، جبکہ پاکستان میں قومی سطح پر پہلی 10 جامعات میں شامل ہو گئی ہے۔
ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل، پروفیسر ڈاکٹر محمد اسداللہ مدنی نے اس کامیابی کو اساتذہ، طلبا و طالبات کی محنت اور یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول کا نتیجہ قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ عالمی درجہ بندی میں اس نمایاں بہتری کا سہرا تدریس، تحقیقی ماحول، تحقیقی معیار، انڈسٹری سے روابط اور بین الاقوامی نقطہ نظر کے حوالے سے یونیورسٹی کی کارکردگی کو جاتا ہے۔
مزید پڑھیں : اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے 19 تحقیقی جرائد کی ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظوری
عالمی درجہ بندی میں شامل کی گئی کل 2092 جامعات میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی درجہ بندی میں غیر معمولی ترقی سامنے آئی ہے۔ اس یونیورسٹی نے تدریس میں 18.0، تحقیقی ماحول میں 12.4، تحقیقی معیار میں 75.7، انڈسٹری سے تعاون میں 20.7 اور بین الاقوامی نقطہ نظر میں 48.6 سکور حاصل کیا۔
اس سے قبل یونیورسٹی کی درجہ بندی 1001-1200 کے درمیان تھی، لیکن حالیہ ترقی نے یونیورسٹی کو عالمی سطح پر مزید نمایاں کیا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
تعلیمی ماہرین اور حلقوں نے اس کامیابی کو نہ صرف یونیورسٹی کے لیے بلکہ علاقے کی سماجی، تعلیمی اور معاشی ترقی کے لیے نیک شگون قرار دیا ہے۔ اس کامیابی کو بہاولپور کی ترقی اور تعلیم کے میدان میں ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔