گلوکار عدنان سمیع کی والدہ کا انتقال، مداحوں سے دعا کی درخواست
یوتھ ویژن : ( علی جاوید مغل سے ) مشہور گلوکار عدنان سمیع کی والدہ انتقال کر گئیں، جس کا اعلان انہوں نے پیر کی صبح انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا۔
عدنان سمیع نے انسٹاگرام پر اپنی والدہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دکھ بھرے دل کے ساتھ لکھا: "یہ انتہائی دکھ اور غم کے ساتھ ہے کہ ہم اپنی پیاری والدہ بیگم نوریِن سمیع خان کے انتقال کا اعلان کرتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا، "ہم بے حد غمزدہ ہیں۔ وہ ایک غیر معمولی شخصیت تھیں جو ہر ایک کے ساتھ محبت اور خوشی بانٹتی تھیں۔ ہم انہیں بے حد یاد کریں گے۔” ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا، "اللہ تعالیٰ ہماری والدہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔”
ان کے بیٹے، اداکار و گلوکار اذان سمیع خان نے بھی انسٹاگرام پر اس پوسٹ کو شیئر کیا۔
کئی سوشل میڈیا صارفین سمیت شوبز شخصیات نے کمنٹس سیکشن میں عدنان سمیع اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
بالی ووڈ کے معروف اداکار جیکی شروف نے لکھا، "اپنی ماں، باپ اور بھائی کو کھونے کے بعد، میں آپ کا دکھ محسوس کر سکتا ہوں۔ ہمارے پیارے ہمیشہ ہمارے ساتھ ہوتے ہیں۔”
اداکارہ مینی ماتھر نے کہا، "عدنان، رویا اور مدینہ، آپ کے نقصان پر بے حد افسوس ہوا۔ خاندان کے لیے دعاگو ہوں۔”