پرائز بانڈز رکھنے والوں کے لیے بڑی مہلت، اہم اعلان سامنے آگیا

یوتھ ویژن : اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 40 ہزار، 25 ہزار، 15 ہزار اور ساڑھے 7 ہزار روپے والے بیریئر پرائز بانڈز کی واپسی کی آخری تاریخ میں اضافہ کر دیا ہے۔
بینکنگ سروسز کارپوریشن کے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ اب یہ پرائز بانڈز 31 دسمبر 2024 تک واپس کیے جا سکیں گے، جبکہ اس سے قبل 30 جون 2024 کی تاریخ دی گئی تھی۔
اسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ 25 ہزار اور 40 ہزار مالیت کے بانڈز کو پریمیم پرائز بانڈز میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، انہیں اسپیشل سیونگز سرٹیفیکیٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفیکیٹس میں بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ پرائز بانڈز کو کیش کرانے کے لیے اسٹیٹ بینک کے دفاتر یا کمرشل بینکوں سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔
مرکزی بینک نے کمرشل بینکوں کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اس توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز کو نقد کرانے یا ان کے تبادلے کی درخواستیں قبول کریں۔