ایران میں موجود فرانسیسی شہریوں کے لیے خطرے کی گھنٹی: جلد ملک چھوڑنے کا مشورہ
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، ایران میں فرانس کے سفارت خانے نے کہا ہے کہ جو فرانسیسی شہری ایران میں مستقل رہائش پذیر ہیں، انہیں بین الاقوامی ہوائی اڈے کی بحالی کے بعد عارضی طور پر وہاں سے نکل جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی فوج کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ ایرانی میزائل کچھ اسرائیلی فضائی اڈوں پر گرے ہیں۔
مزید پڑھیں : اگر حملہ ہوا تو اسرائیل کے تمام انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنائیں گے، سربراہ ایرانی فوج
اسرائیلی فوج کے مطابق، میزائل گرنے کے نتیجے میں فضائی اڈوں کی انتظامی عمارتوں اور جہازوں کی مرمت کی جگہوں کو نقصان پہنچا ہے۔
تاہم، اسرائیلی فوج نے بتایا کہ اس میزائل حملے میں فضائیہ کے کسی بھی جہاز کو نقصان نہیں پہنچا۔
یاد رہے کہ ایران نے گزشتہ روز اسرائیل پر 190 بیلسٹک میزائل فائر کیے تھے، اور اس حوالے سے ایران کے پاسداران انقلاب کا دعویٰ ہے کہ 90 فیصد میزائل نے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
دوسری جانب، اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے فائر کیے گئے زیادہ تر میزائلوں کو امریکا کی مدد سے ناکام بنا دیا گیا، کچھ میزائل زمین پر گرے، تاہم ان میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔