حکومت کا بڑا فیصلہ : پی آئی اے کی نجکاری کی نئی حتمی تاریخ کا اعلان
یوتھ ویژن : ( مظہر اسحاق چشتی سے ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور تین پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری 2024 کے اختتام سے پہلے مکمل کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ایک نجی چینل کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں، اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ حکومت پی آئی اے اور تین ڈسکوز کی نجکاری 2024 کے اختتام سے پہلے مکمل کرے گی۔
پی آئی اے کی نجکاری، جو پہلے یکم اکتوبر تک مکمل ہونا تھی، کم بولی دہندگان کی دلچسپی، جاری عدالتی مقدمات، پرانے بیڑے اور سول ایوی ایشن کے مسائل کے باعث 31 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیمار یونٹس کی نجکاری اور پاور سیکٹر کی اصلاحات پر کام جاری ہے اور اس کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ کا آؤٹ سورسنگ مرحلہ وار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال سے قبل کچھ وزارتوں اور محکموں کی تنظیم نو بھی کی جائے گی۔
آزاد پاور پروڈیوسرز کے مسائل کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں، انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ سی پیک منصوبوں اور قرضوں کی ری پروفائلنگ کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے اقتصادی شعبے کو مستحکم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔