ایم ڈی کیٹ کے نتائج کی منسوخی کا مطالبہ: سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر
یوتھ ویژن : ( سیف الرحمان سے ) سندھ ہائیکورٹ میں میڈیکل کالجز میں داخلے کے ٹیسٹ کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ ایم ڈی کیٹ کے نتائج کالعدم قرار دے کر دوبارہ ٹیسٹ لیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق، درخواست میں سندھ حکومت، ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی، پی ایم سی اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔ وکیل درخواست گزار نواز ڈاہری ایڈووکیٹ نے کہا کہ 22 ستمبر کو ہونے والے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سے قبل ہی پرچہ سوشل میڈیا پر لیک ہو چکا تھا۔
نواز ڈاہری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ 200 میں سے 160 سے زائد سوالات سوشل میڈیا پر موجود تھے۔ انہوں نے استدعا کی کہ ایم ڈی کیٹ کے نتائج کو کالعدم قرار دے کر دوبارہ ٹیسٹ لیا جائے اور داخلہ ٹیسٹ کے پرچے لیک ہونے کی تحقیقات جے آئی ٹی سے کرائی جائیں۔
یاد رہے کہ کراچی میں طلبہ نے ایم ڈی کیٹ کے امتحان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاؤ یونیورسٹی کے گیٹ کے سامنے احتجاج کیا تھا۔ طلبہ نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کے تقریباً تمام سوالات اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا پرچہ ایک جیسے تھے، جس کی وجہ سے وہ ٹیسٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ طلبہ نے سوشل میڈیا پر لیک پیپر کی تحقیقات اور ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کا مطالبہ کیا، اور کہا کہ ناروا سلوک کی وجہ سے متعدد طلبہ ٹیسٹ میں شرکت نہیں کرسکے۔