پاکستانی محبت کرنے والے لوگ ہیں، امت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا، ڈاکٹر ذاکر نائیک
یوتھ ویژن : اسلام آباد میں معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات میں کہا کہ پاکستانی عوام محبت سے بھرپور ہیں اور امت مسلمہ کو آپس کے اختلافات ختم کرکے قرآن و سنت کی روشنی میں اتحاد کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیر مقدم کیا اور دونوں کے درمیان امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ پاکستانی عوام محبت کرنے والے ہیں، لیکن امت کو متحد ہونے اور قرآن و سنت کے اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
ایاز صادق نے اس موقع پر کہا کہ اسلام امن، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے اور امت مسلمہ کو متحد ہو کر آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی دنیا بھر میں اسلام کے امن کے پیغام کو عام کرنے کی کوششوں کی تعریف کی۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے اور آئین پاکستان تمام شہریوں کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے، جبکہ اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ بھی کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ میرا مقصد دنیا میں اسلام کے امن، محبت اور بھائی چارے کے حقیقی پیغام کو پھیلانا ہے اور پاکستان کا اس حوالے سے کردار قابل تحسین ہے۔