آرٹیکل 63 اے نظرثانی کیس: جسٹس منیب اختر کی جگہ جسٹس نعیم اختر افغان بینچ میں شامل
یوتھ ویژن : ( واصب ابراہیم غوری سے ) سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے نظرثانی اپیلوں کی سماعت کے لیے نئے بینچ کی تشکیل کردی، جسٹس منیب اختر کی جگہ جسٹس نعیم اختر افغان کو شامل کرلیا گیا ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں قائم 5 رکنی لارجر بینچ میں جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، اور جسٹس مظہر عالم خیل بھی شامل ہیں۔ بینچ ساڑھے 11 بجے کیس کی سماعت کرے گا۔
مزید پڑھیں : سُپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے نظرثانی کیس کی سماعت
گزشتہ روز جسٹس منیب اختر نے پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کی تشکیل نو پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بینچ میں بیٹھنے سے معذرت کرلی تھی۔ ان کے اس انکار کے بعد جسٹس نعیم اختر افغان کو نیا رکن مقرر کیا گیا۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب پریکٹس پروسیجر کمیٹی کا اجلاس جسٹس منصور علی شاہ کی غیر حاضری کے باعث مکمل نہ ہو سکا، جس کے بعد چیف جسٹس نے نئے بینچ کی تشکیل کا اعلان کیا۔
یاد رہے کہ 5 رکنی بینچ نے گزشتہ روز سماعت کا آغاز کیا تھا، جس دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس منیب کو بینچ میں شامل ہونے کی درخواست کی تھی، تاہم ان کے انکار کے بعد نئے بینچ کا قیام عمل میں آیا۔