لشکر کشی کی دھمکی، 9 مئی کی تاریخ دہرانے کا اعلان: عطا تارڑ
یوتھ ویژن : (واصب ابراہیم غوری سے ) اسلام آبادمیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد اور پنجاب پر لشکر کشی کی دھمکی 9 مئی جیسے حالات دہرانے کا اعلان ہے۔
وزیر اطلاعات نے گولی چلانے کی دھمکی کو وزیراعلیٰ کی ناکامی کا اعتراف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ بیان ظاہر کرتا ہے کہ وہ خیبرپختونخوا کی حکومت چلانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ عطااللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے کبھی تعلیم، صحت یا عوام کی فلاح کے لیے کوئی مقابلہ نہیں کیا، بلکہ ان کا مقصد صرف انتشار پھیلانا ہے۔
مزید پڑھیں : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا انقلاب کا اعلان: گولی کا جواب گولی سے دینے کا عزم
انہوں نے خیبرپختونخوا میں کرپشن اور نا اہلی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ صوبے میں عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انقلاب لانا ہے تو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے لے آئیں، نہ کہ گولی اور بندوق سے مسائل حل کرنے کی بات کریں۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کو ڈیفالٹ کی جانب لے جا رہی تھی، اب انہیں یہ تکلیف ہے کہ ملک معاشی بحالی کی راہ پر کیوں گامزن ہو چکا ہے۔