وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا انقلاب کا اعلان: گولی کا جواب گولی سے دینے کا عزم
یوتھ ویژن : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، علی امین گنڈاپور نے انقلاب کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب مزید کوئی راستہ نہیں بچا، گولی کا جواب گولی سے اور لاٹھی کا جواب لاٹھی سے دیا جائے گا۔
راولپنڈی میں احتجاج کے دوران پیش آنے والے واقعات کے بعد جاری کردہ ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم پر شدید ظلم ہوا، چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا لیکن ہم نے ملک کے لیے صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔
انہوں نے بتایا کہ احتجاج میں ان کے کارکنوں پر گولیاں برسائی گئیں، شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔ ان کے تین کارکن گولیاں لگنے سے اور 50 سے زائد کارکن شیلنگ سے زخمی ہوئے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ان کے کارکنوں نے پنجاب پولیس کو گرفتار کرنے کے بجائے انہیں ریسکیو کیا۔ وزیراعلیٰ نے اداروں کو پیغام دیا کہ اگر وہ عوام کی آواز سننے سے قاصر ہیں یا ان کی رائے کا احترام نہیں کرتے تو عوام کو خود اپنا فیصلہ کرنے دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب جو ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، وہ گولی کھائے گا، ہم ہر ایک شیل اور لاٹھی کے بدلے دس شیل اور دس لاٹھیاں برسائیں گے۔