آئیفا ایوارڈ: شاہ رخ خان نے بہترین اداکار کا ایوارڈ جیت لیا
بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان نے اپنی فلم "جوان” میں شاندار اداکاری کے باعث آئیفا ایوارڈ 2024 میں بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ حالانکہ انہوں نے فلم "اینیمل” کے ہیرو رنبیر کپور کے وکرم راتھوڑ سے مقابلہ کیا، لیکن ایوارڈ شاہ رخ خان کے نام رہا۔
ابوظہبی میں منعقد ہونے والے تین روزہ آئیفا ایوارڈ شو کے دوسرے دن بالی ووڈ کے ستاروں نے اپنے فن کا جادو جگایا۔ اس تقریب میں بالی ووڈ کی بڑی شخصیات نے شرکت کی، جس میں رانی مکھرجی، انیل کپور، ہیما مالنی اور دیگر شامل ہیں۔
اس سال کے آئیفا ایوارڈز میں "اینیمل” نے متعدد ایوارڈز جیتے، جن میں بہترین فلم کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔ انیل کپور کو اس فلم میں بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ملا، جبکہ بوبی دیول کو بہترین منفی کردار کے لیے ایوارڈ دیا گیا۔ بہترین موسیقی کا ایوارڈ بھی "اینیمل” کے نام رہا، اور بیسٹ لرکس کا ایوارڈ سدھارتھ گریما کو "سترنگا” گانے پر دیا گیا۔
اس تقریب کی ایک خاص بات یہ تھی کہ شاہ رخ خان نے نہ صرف تقریب کی میزبانی کی بلکہ اپنے منفرد انداز میں حاضرین کو محظوظ بھی کیا۔ انہوں نے اسٹیج پر "جھومے جو پٹھان” پر شاندار رقص بھی پیش کیا، جس نے حاضرین کے دلوں کو جیت لیا۔ آئیفا ایوارڈ نائٹ میں ریکھا، اننیا پانڈے، جھانوی کپور، شاہد کپور سمیت کئی ستاروں نے اپنے رقص سے تقریب کی رونق بڑھائی۔