حسن نصراللہ کی شہادت پر حماس کا انتقامی کارروائی کا عزم
لبنان میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی اسرائیلی حملوں میں شہادت پر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اہم بیان جاری کیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، حماس نے حسن نصراللہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت ہماری مزاحمتی قوت کو مزید مضبوط کرے گی۔
حماس نے اسرائیلی فضائی حملے میں حسن نصراللہ کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی موت اسرائیل کے خلاف ہماری جنگ میں نئے جوش و جذبے کا باعث بنے گی۔
مزید پڑھیں : حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اسرائیلی حملے میں شہید، حزب اللہ نے تصدیق کر دی
حماس کے بیان میں کہا گیا: ’’قاض فوج کے جرائم اور قتل و غارتگری فلسطین اور لبنان میں مزاحمت کے عزم کو مزید بڑھائیں گی۔ ہم بہادری اور فخر کے ساتھ شہدا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فتح کی راہ پر گامزن رہیں گے۔‘‘
حماس نے یہ بھی کہا کہ ہم لبنان میں حزب اللہ اور اسلامی مزاحمت کے بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں، جو مسجد اقصیٰ کے دفاع میں ہمارے ساتھ شامل ہیں۔
ادھر فلسطینی گروپ اسلامی جہاد نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جلد یا بدیر مزاحمتی قوتیں دشمن کو اس کے جرائم کی قیمت چکانے پر مجبور کریں گی، اور اسے اپنے اعمال کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
غزہ کی آبادی تقریباً 2.3 ملین افراد پر مشتمل ہے، جن میں سے زیادہ تر جنگ کی وجہ سے بے گھر ہو چکے ہیں اور 41,500 افراد شہید ہو چکے ہیں۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان 7 اکتوبر 2023 سے جنگ جاری ہے۔