اسلام آباد ہائیکورٹ کا ایم ڈی کیٹ سوالنامہ ویب پر اپ لوڈ کرنے کا حکم، نتائج کا اعلان آج ہوگا
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہید ذوالفقار بھٹو یونیورسٹی کو ایم ڈی کیٹ کا سوالنامہ اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، جمعہ کو جسٹس ارباب محمد طاہر نے طلبہ کی درخواستوں پر مختصر تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں یونیورسٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایم ڈی کیٹ کے نتائج کا اعلان کل دن 1 بجے کے بعد کرے۔ عدالت نے طلبہ کو نتائج کے اعلان سے پہلے سوالنامہ دیکھنے کا وقت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی، جبکہ تفصیلی وجوہات پر مشتمل فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
پچھلے روز، اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کو ایم ڈی کیٹ کے نتائج جاری کرنے کی اجازت دی تھی۔ اس موقع پر پی ایم ڈی سی کے رجسٹرار، یونیورسٹی کے رجسٹرار، اور دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ پہلے پروسیجر کا کیا حال ہے اور قانون کیا کہتا ہے؟ رجسٹرار نے بتایا کہ پی ایم ڈی سی ریگولیٹر ہے، اور امتحان کے دوران 14 ایسے کیس سامنے آئے جہاں طلبہ کے پاس غیر قانونی ڈیوائسز تھیں۔
یونیورسٹی کے رجسٹرار نے مزید بتایا کہ 6 سوالات ایسے تھے جن کا لیول ہائی تھا، جن کے لئے گریس مارکس دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 ہزار 500 طلبہ نے امتحان دیا، لیکن صرف 200 طلبہ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے پوچھا کہ کسی دوسرے صوبے میں ایسا کیوں نہیں ہوا، جس پر رجسٹرار نے کہا کہ یہ ایک مافیا کی کارروائی ہے، جو امتحان سے پہلے پرچے کو آؤٹ کرتی ہے۔
رجسٹرار نے عدالت سے استدعا کی کہ کل صبح تک کا وقت دیا جائے تاکہ کمیٹی اجلاس کے بعد تفصیلات فراہم کی جا سکیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ پی ایم ڈی سی کمیٹی کا نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کیا جائے، اور طلبہ اپنے 2 نمائندوں کا فیصلہ کریں۔
نتیجتاً، عدالت نے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کو ایم ڈی کیٹ کے نتائج جاری کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعلان عدالت کے حتمی آرڈر سے مشروط ہوگا۔