پاکستان دنیا میں اپنا کھویا مقام دوبارہ حاصل کرے گا، آرمی چیف
یوتھ ویژن : آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان بے پناہ وسائل سے مالا مال ہے اور جلد ہی دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف نے کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کراچی میں انووسٹا انڈس آئی ٹی پارک کا افتتاح کیا، جو نوجوانوں کو معیاری تربیت فراہم کرے گا اور ملک میں آئی ٹی کی صنعت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت مختلف اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس موقع پر معیشت میں آئی ٹی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا فروغ ملک کی معاشی حالت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ جنرل عاصم منیر نے بھی آئی ٹی کے شعبے میں پیشرفت کے حوالے سے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدامات معیشت کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
اس کے علاوہ، آرمی چیف نے کراچی کی تاجر برادری سے بھی ملاقات کی اور ان کی معیشت کی بہتری میں کردار کی تعریف کی۔ تاجر برادری نے معیشت کے فروغ کے لیے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کے کردار کو بھی سراہا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دوست ممالک بالخصوص چین، سعودی عرب، اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ملکی بہتری کے لیے دستیاب مواقع اور ان سے فائدہ اٹھانے پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف کے کراچی پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی نے ان کا استقبال کیا۔