شیخ وقاص اکرم پی ٹی آئی کے نئے سیکریٹری اطلاعات مقرر
یوتھ ویژن : پاکستان تحریک انصاف نے شیخ وقاص اکرم کو پارٹی کا نیا مرکزی سیکریٹری اطلاعات مقرر کر دیا ہے، جبکہ رؤف حسن کو پارٹی کے پالیسی تھنک ٹینک کا سربراہ بنا دیا گیا ہے۔ یہ نوٹیفکیشن بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر جاری کیے گئے ہیں۔
رؤف حسن کو پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔ اس سے قبل اے آر وائی نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ رؤف حسن کو سیکریٹری اطلاعات کے عہدے سے ہٹانے کا امکان تھا، اور شیخ وقاص اکرم کا نام نئے سیکریٹری اطلاعات کے لیے زیر غور تھا۔
ذرائع کے مطابق، کچھ پارٹی رہنماؤں نے رؤف حسن پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد بانی پی ٹی آئی نے انہیں اس عہدے سے ہٹانے کی منظوری دی۔
مزید برآں، بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کے انتظامی ڈھانچے سے متعلق اہم فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے سلمان اکرم راجہ کو عملی سیاست کی ذمہ داری دیتے ہوئے انہیں سیکریٹری جنرل کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی نے پارٹی کے پارلیمانی امور اور عملی سیاسی امور کو علیحدہ کر دیا ہے، جس کے تحت عمر ایوب اور شبلی فراز کو پارلیمانی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔