پاکستانی فارماسیوٹیکل صنعت عالمی منڈی میں نمایاں مقام حاصل کر رہی ہے،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی
یوتھ ویژن : ( شہزاد حُسین بھٹی سے ) اسلام آباد میں منعقدہ تیسرے فارما ایکسپورٹ سمٹ اینڈ ایوارڈز (PESA) کے دوران چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل صنعت ہماری معیشت کا ایک اہم ستون ہے اور خوش آئند بات یہ ہے کہ یہ صنعت یورپ، امریکہ اور ایشیا و افریقہ کے ابھرتے ہوئے مارکیٹوں میں اپنی جگہ بنا رہی ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی گیلانی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل انڈسٹری اپنے چھوٹے پیمانے کے باوجود ترقی کر رہی ہے، مقامی کمپنیاں کثیر القومی اداروں سے مارکیٹ کا حصہ حاصل کر رہی ہیں۔
گیلانی نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری صنعت کو اپنی برآمدات بڑھانے اور عالمی مارکیٹ میں علاقائی حریفوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے چند اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے تحقیق و ترقی کی صلاحیتوں کو بڑھانے، ریگولیٹری فریم ورک کو بہتر بنانے، بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور عوامی و نجی شراکت داریوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاکستان عالمی مارکیٹ میں اپنی موجودگی کو بڑھا سکے۔
مزید پڑھیں : تعلیمی فنڈز میں اضافے کے لیے سینیٹ کمیٹی کی اہم سفارشات، وزارتوں کو طلب کر لیا
انہوں نے خاص طور پر سستی ادویات کی بڑھتی ہوئی عالمی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے، جینیرک اور بائیو سمیلیئر ادویات کی پیداوار میں سرمایہ کاری کو اہم قرار دیا۔ گیلانی نے کہا کہ اگر پاکستان ان شعبوں پر توجہ مرکوز کرے تو وہ فارماسیوٹیکل برآمدات کو بڑھا سکتا ہے اور عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مضبوط کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی افراط زر اور معاشی سست روی کا بھی دھیان رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی فارماسیوٹیکل صنعت کو ترقی دینا چاہتے ہیں تو ہمیں درآمد شدہ خام مال پر انحصار کو کم کرنا ہوگا۔ اس سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ قیمتوں میں کمی اور برآمدات میں اضافہ بھی ممکن ہوگا۔
تقریب میں 50 بہترین فارماسیوٹیکل اور اس سے متعلقہ مصنوعات کے برآمد کنندگان کو اعزازات سے نوازا گیا۔ گیلانی نے کہا کہ یہ افراد نہ صرف صنعت بلکہ پاکستان کی وسیع تر معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے تمام شرکاء پر زور دیا کہ وہ معیار اور جدت کے نئے معیارات قائم کرتے رہیں اور پاکستان کی معیشت اور صحت کے نظام میں بھرپور حصہ ڈالیں۔ آخر میں چیئرمین سینیٹ نے تمام ایوارڈ یافتگان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور اس بات پر زور دیا کہ ہم سب کو ایک روشن، صحت مند اور خوشحال پاکستان کی جانب مل کر کام کرنا ہوگا۔