پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کا آئی ایم ایف پروگرام آج منظور ہونے کا امکان، معیشتی استحکام کی امیدیں
یوتھ ویژن : ( واصب ابراہیم غوری سے ) اسلام آباد میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (ائی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے آج (بدھ کو) پاکستان کے لیے 37 ماہ کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلیٹی (ای ایف ایف) پروگرام کی منظوری دیے جانے کی توقع ہے، جس کی مالیت تقریباً 7 ارب ڈالر ہے۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے کیلنڈر کے مطابق، بورڈ آج "پاکستان 2024 آرٹیکل IV کنسلٹیشن اور ای ایف ایف پروگرام کی درخواست” پر غور کرے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے پروگرام کی منظوری متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ کم ہونے کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے اور حکومتی اقدامات سے مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کا آغاز بھی جلد متوقع ہے، جس میں بنیادی ڈھانچے کو مالیاتی فوائد میں تبدیل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں انفراسٹرکچر پر توجہ دی گئی تھی، جبکہ دوسرا مرحلہ اس انفراسٹرکچر کی مونیٹائزیشن پر مرکوز ہوگا۔
مزید برآں، وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں اکاؤنٹ بیلنس کی صورتحال بہت حوصلہ افزا ہے اور اگست میں 75 ملین ڈالر کا سرپلس حاصل کیا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تیل کی کم قیمتیں، ڈالر کی نرمی اور شرح سود میں 450 بیسس پوائنٹس کی کمی کے ساتھ، کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔