فضل الرحمان نے جائز موقف کے ساتھ مثبت کردار ادا کیا، عمر ایوب
یوتھ ویژن : ( شہزاد حُسین بھٹی سے ) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما عمر ایوب نے مولانا فضل الرحمٰن کے آئینی ترمیمی کمیٹی میں ادا کردہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہایت مثبت اور آئینی مؤقف اپنایا ہے۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ "ہمیں آئینی ترمیم کا مسودہ فراہم نہیں کیا گیا تھا، اور نہ ہی کسی کے پاس یہ موجود تھا۔ ہم صرف کمیٹی میں بیٹھے تھے، جبکہ حکومت کے ارکان اہم سوالات کے جوابات دینے میں ناکام رہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے اپنے جائز اور آئینی مؤقف کے ساتھ کمیٹی میں ایک مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو یہ ترمیم تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی پیش کرنی چاہیے تھی تاکہ کسی قسم کی ابہام یا اعتراضات نہ ہوں۔
عمر ایوب نے اعلان کیا کہ پاکستان تحریکِ انصاف 21 ستمبر کو لاہور میں ہونے والے اپنے عوامی جلسے کو ہر صورت میں منعقد کرے گی۔ انہوں نے کہا، "یہ جلسہ آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ہم عوام کے حقوق اور آئین کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔”
مزید برآں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی اجتماعات کو روکنے کی کوششیں جمہوری روایات کے منافی ہیں، اور ان کی جماعت کسی بھی غیر آئینی اقدام کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی۔