پاکستان اور روس کا کثیر الجہتی پلیٹ فارمز پر ہم آہنگی اور باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے کا عزم
یوتھ ویژں : ( واصب ابراہیم غوری سے ) اسلام آباد میں بدھ کے روز پاکستان کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے روسی ڈپٹی وزیر اعظم الیکسی اوورچک کے ساتھ اعلیٰ سطحی مذاکرات کیے تاکہ دوطرفہ تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
دفتر خارجہ کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، ملاقات میں تجارت، توانائی، رابطے، ٹیکنالوجی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران بڑھتے ہوئے تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
مزید پڑھیں : روسی ڈپٹی وزیراعظم الیکسی اوورچوک کا 2روزہ دورہ پاکستان،سرکاری ملاقاتوں کا آغاز
دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) جیسے کثیر الجہتی پلیٹ فارمز پر ہم آہنگی جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے پاکستان کی برکس کی رکنیت کے حصول میں روس کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
روسی ڈپٹی وزیر اعظم الیکسی اوورچک کا یہ دو روزہ دورہ وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر ولادیمیر پوتن کے دوطرفہ تعلقات کو ایک مضبوط، باہمی فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے وژن کے مطابق ہے۔