پاکستان کا اقوام متحدہ ای گورنمنٹ انڈیکس میں 14 درجے کا زبردست اضافہ
یوتھ ویژن : پاکستان نے اقوام متحدہ کے 2024 کے ای-گورنمنٹ ڈیولپمنٹ انڈیکس (EGDI) میں زبردست پیش رفت کرتے ہوئے 136ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے، جو کہ 2022 میں 150ویں نمبر پر تھا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان "مڈل ای جی ڈی آئی کیٹیگری” سے "ہائی ای جی ڈی آئی کیٹیگری” میں شامل ہوا ہے، جو کہ ملک کی ڈیجیٹل گورننس میں نمایاں بہتری کا مظہر ہے۔
پاکستان کا ای-گورنمنٹ ڈیولپمنٹ انڈیکس ویلیو 0.5095 تک پہنچ گیا ہے، جو کہ 2022 میں 0.42380 تھا۔ اگرچہ پاکستان اب بھی عالمی رہنماؤں جیسے ڈنمارک (0.9847)، سنگاپور (0.969) اور خطے میں مالدیپ (0.6745) سے پیچھے ہے، مگر یہ ترقی پاکستان کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت میں عالمی معیار تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے نوجوانوں میں جدت کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا اور نجی شعبے کو اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کرنے کا کہا۔
شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے سائبر سکیورٹی کے میدان میں بھی نمایاں بہتری حاصل کی ہے اور اس میں ٹاپ ٹیئر کا مقام حاصل کیا ہے۔