چین کا تائیوان کو ہتھیار فروخت کرنے والی 9 امریکی کمپنیوں کی املاک منجمد کرنے کا اعلان
بیجنگ: چین نے بدھ کے روز تائیوان کو ہتھیار فروخت کرنے والی 9 امریکی کمپنیوں کے خلاف اقدامات کا اعلان کیا، جن میں امریکی فوجی سے منسلک کمپنیاں شامل ہیں۔ یہ اقدام امریکہ پر دباؤ ڈالنے کی ایک کوشش ہے تاکہ وہ تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت بند کرے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق، جن کمپنیوں کے اثاثے منجمد کیے جا رہے ہیں ان میں سیئرا نیواڈا کارپوریشن اور سٹک روڈر انٹرپرائزز ایل ایل سی شامل ہیں۔ اس اقدام کے تحت چین میں موجود کمپنیوں کی املاک کو منجمد کر دیا گیا ہے اور چینی افراد اور اداروں کو ان کمپنیوں کے ساتھ کسی بھی قسم کا لین دین کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا، "امریکہ فوری طور پر تائیوان کو اسلحہ فراہم کرنے کا خطرناک رجحان بند کرے، تائیوان کی آزادی کی حمایت اور حوصلہ افزائی کو روکیں اور تائیوان اسٹریٹ کے امن کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔”
چین نے اس سے پہلے بھی لاک ہیڈ مارٹن سمیت دیگر امریکی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی تھیں جو تائیوان کو اسلحہ فراہم کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ چین تائیوان کو اپنا حصہ قرار دیتا ہے جبکہ تائیوان اس دعوے کو مسترد کرتا ہے اور امریکہ تائیوان کی دفاعی امداد کا اہم ترین ذریعہ ہے۔