روسی ڈپٹی وزیراعظم الیکسی اوورچوک کا 2روزہ دورہ پاکستان،سرکاری ملاقاتوں کا آغاز
اسلام آباد: روسی فیڈریشن کے ڈپٹی وزیر اعظم الیکسی اوورچوک آج دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے۔ اس دورے کے دوران ان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے۔ ایئرپورٹ پر ان کا استقبال وزارت خارجہ کے اہلکاروں اور روسی سفیر نے کیا۔
ڈپٹی وزیر اعظم اوورچوک اپنے دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔ وہ وزارت خارجہ کا دورہ بھی کریں گے جہاں ان کا استقبال اسحاق ڈار کریں گے اور وہ ایک یادگاری درخت بھی لگائیں گے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، معاشی تعاون، اور علاقائی مسائل پر گفتگو متوقع ہے، جس کے بعد روسی اور پاکستانی وزرائے اعظم کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس کی جائے گی۔
اس سے قبل، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پاکستان میں روسی سفیر البرٹ پی. کھوریف سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر بات چیت کی۔ اس ملاقات میں روس اور پاکستان کے درمیان روڈ کنیکٹیویٹی پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور کارگو سرگرمیاں مزید بڑھانے میں مدد ملے گی۔
وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تجارتی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور وسطی ایشیائی ممالک کے ذریعے روس کو کراچی بندرگاہ سے منسلک کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے، جس سے نہ صرف دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا بلکہ دیگر ممالک کی تجارت بھی فروغ پائے گی۔
پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے اس اہم دورے سے خطے میں معاشی استحکام اور ترقی کی نئی راہیں کھلنے کی امید ہے۔