پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت انڈر سیکریٹری جان باس کا دورہ، اقتصادی و سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال
یوتھ ویژن : ( واصب ابراہیم غوری سے ) اسلام آباد میں امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق انڈر سیکریٹری جان باس نے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران نائب وزیر اعظم و وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اپنے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ انڈر سیکریٹری باس نے پاکستانی قیادت کے ساتھ اقتصادی اور سیکیورٹی امور، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں اور پرتشدد انتہا پسندی سے نمٹنے کے حوالے سے بات چیت کی۔ اس دوران علاقائی استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔
میتھیو ملر کے مطابق، باس نے افغانستان کے شہریوں کی آبادکاری میں پاکستان کی مسلسل معاونت پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ امریکہ اس معاملے پر پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔ مزید برآں، باس نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر 2025-2026 کی مدت کے لیے پاکستان کے انتخاب پر مبارکباد پیش کی اور اس دوران امریکہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
یہ ملاقات امریکی-پاکستانی تعلقات کی ایک اہم کڑی سمجھی جا رہی ہے، جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینا اور خطے میں استحکام کو فروغ دینا ہے۔ باس اور پاکستان کی قیادت کے درمیان ہونے والی بات چیت میں اقتصادی ترقی، سیکیورٹی تعاون، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مزید اقدامات پر زور دیا گیا۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مثبت اور تعمیری بات چیت دونوں ممالک کے مفاد میں ہے اور مستقبل میں اس تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔