پاکستان بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے
یوتھ ویژن : آج ملک بھر میں نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
نماز فجر کے بعد امت مسلمہ کی یکجہتی، ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ آج عام تعطیل ہے اور ملک بھر میں گلیوں، سڑکوں، عمارتوں، مساجد اور گھروں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے۔
تمام شہروں میں میلاد النبی کے جلوس نکالے جائیں گے جن میں علماء و خطیب حضرت محمد ﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کریں گے۔
چھوٹے بڑے شہروں میں محافل میلاد کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ کی زندگی اور تعلیمات کو اجاگر کیا جا سکے۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے علیحدہ پیغامات میں قوم کو نبی اکرم ﷺ کی زندگی اور تعلیمات کو اپنانے کی تاکید کی، تاکہ معاشرے میں امن اور ملک میں خوشحالی لائی جا سکے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ موجودہ چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کو روشنی کا مینار سمجھ کر اپنائیں۔