عید میلاد النبی ﷺ کے جشن میں گلیوں کی رونقیں، محافل، جلوس اور نیاز کی تقسیم کے ساتھ فضائیں درود و سلام سے معطر
یوتھ ویژن : ( قاری عاشق حُسین سے ) آج ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ ملک بھر کی گلیاں، محلے، بازار اور سرکاری و نجی عمارتیں برقی قمقموں، سبز جھنڈیوں اور خوبصورت روشنیوں سے مزین کر دی گئی ہیں، جبکہ مساجد میں بھی خصوصی چراغاں کیا گیا ہے۔
مرکزی جلوس اور محافل کا اہتمام
کراچی سمیت مختلف شہروں میں میلاد النبی ﷺ کے جلوس نکالے جائیں گے۔ جماعت اہلسنت کراچی کا مرکزی جلوس آج سہ پہر 3 بجے علامہ سید شاہ عبدالحق قادری اور دیگر علما و مشائخ کی قیادت میں بولٹن مارکیٹ سے روانہ ہوگا، جو براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا۔ یہاں شام 5 بجے جماعت اہلسنت کراچی کے زیر اہتمام عظیم الشان جلسہ عید میلاد النبی ﷺ منعقد ہوگا۔
محافل نعت اور سیرت النبی ﷺ کانفرنسز
اس موقع پر مختلف مقامات پر درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ فضائیں درود و سلام سے معطر ہیں جبکہ عاشقانِ رسول ﷺ سرور کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے عقیدت کے اظہار کے لیے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے ماڈلز تیار کر رہے ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں میں سیرت النبی ﷺ کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے، جن میں حضور ﷺ کی حیات طیبہ اور اسلام کی سربلندی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں : عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں عقیدت کے ساتھ جلوس، محافل اور خصوصی انتظامات
سکیورٹی کے فول پروف انتظامات
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 12 ربیع الاول کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ کراچی میں مرکزی جلوس کے لیے 1000 رضا کار اور اسکاؤٹس خدمات انجام دیں گے جبکہ پولیس اور رینجرز کے دستے بھی حفاظت پر مامور ہوں گے۔
علامہ شاہ عبدالحق قادری نے تمام شرکا سے اپیل کی ہے کہ جلوس کے دوران انتظامیہ اور رضا کاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے جلوس آرگنائزرز کو ہدایت کی ہے کہ ہر تنظیم وقت کی پابندی کرتے ہوئے جلوس نکالے اور ایک دوسرے کا احترام کرے۔
میلاد کی مناسبت سے نیاز کی تقسیم
جشن عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے مختلف علاقوں میں نیاز کی تقسیم کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جہاں لوگ بلا تفریق شرکت کر کے حضور اکرم ﷺ کی سیرت مبارکہ کی پیروی میں جذبۂ خدمت کا اظہار کر رہے ہیں۔