آئینی ترمیم، بلاول اور مولانا فضل الرحمان کی اہم ملاقات، بل کی حمایت کے لیے کوششیں تیز
یوتھ ویژن : پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے آئینی ترمیمی بل پر بات چیت کے لیے رابطہ کیا ہے، جو آج (اتوار) کو حکومتی اتحاد کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
ہفتہ کی رات دیر تک اپوزیشن اور حکومتی اتحاد کی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ متعدد ملاقاتیں جاری رہیں تاکہ ان کی حمایت حاصل کی جا سکے۔
مزید پڑھیں : قومی اسمبلی کا آئینی ترامیم پر اجلاس دوبارہ شیڈول، مولانا فضل الرحمان کی حمایت کے لیے حکومت اور اپوزیشن کی دوڑ دھوپ
پیپلز پارٹی کے وفد میں بلاول بھٹو زرداری، میئر مرتضیٰ وہاب اور اعجاز جاکھرانی شامل تھے، جنہوں نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے مولانا کے گھر سے نکلتے ہوئے فتح کا نشان بنایا۔
اہم بات یہ ہے کہ اس ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وزیر اعظم شہباز شریف کا اہم پیغام لے کر موجود تھے۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد، جس میں اسد قیصر، عمر ایوب، حمید رضا، بیرسٹر گوہر اور شبلی فراز شامل تھے، نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور بل کے خلاف اپنی کاوشوں میں ان کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی۔
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے ملاقات کے بعد کہا کہ پارٹی وفد مولانا سے ملاقات کے نتائج سے مطمئن ہے اور ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
سہبزادہ حمید رضا نے کہا، "میں پہلی بار مولانا کے گھر آیا ہوں، اور بہت خوش ہوں کہ ان سے ملاقات ہوئی۔”