قوم کی قربانیوں سے حاصل امن کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا،آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا عزم
یوتھ ویژن : ( واصب ابراہیم غوری سے ) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کی عظیم قربانیوں سے حاصل کیا گیا امن ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ضلع اورکزئی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وادی تیراہ اور اس کے گردونواح میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں حصہ لینے والے فوجیوں سے ملاقات کی اور ان کے عزم و حوصلے کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف کو سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی، اور ضم شدہ اضلاع میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کثیر الجہتی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے افسران اور فوجیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کے بلند حوصلے اور ہر قسم کے خطرے کے خلاف مؤثر جواب دینے کی تیاری کو سراہا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون کو بھی سراہا۔
آرمی چیف نے فوج کے شہداء، غازیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی عظیم قربانیوں سے حاصل کیا گیا امن ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں انتہائی لگن اور جذبے کے ساتھ لڑنے کے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے یہ بھی کہا کہ پاک فوج خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور سیکورٹی فورسز کی مدد میں مقامی آبادی کی حمایت کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن کو برقرار رکھنے میں عمائدین کا مثبت کردار ضروری ہے۔
اس سے قبل، اورکزئی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ جنرل عاصم منیر نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔