ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا اکتوبر میں پہلا دورہ پاکستان، اہم معاہدے متوقع
یوتھ ویژن : ( مظہر اسحاق چشتی سے ) ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا آئندہ ماہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں پاکستان کا دورہ متوقع ہے، جو ان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ اس دوران ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آئے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق یہ دورہ پانچ سال بعد کسی بھی ملائیشین وزیراعظم کا پہلا دورہ ہوگا، اس سے قبل مارچ 2019 میں سابق وزیراعظم مہاتیر محمد نے تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ وزیراعظم انور ابراہیم، وزیراعظم شہباز شریف سمیت پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس دوران باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور فلسطین کے مسئلے پر دو طرفہ مذاکرات ہوں گے۔ دونوں ممالک فلسطین کے دو ریاستی حل کے حامی ہیں اور اس مسئلے پر تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔