پاکستان کی آئی ایم ایف سے کامیاب مذاکرات، 25 ستمبر کو قرض کی منظوری متوقع
یوتھ ویژن : ( واصب ابراہیم غوری سے ) پاکستان کی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو راضی کرنے میں کامیابی حاصل کر لی، 25 ستمبر کو ہونے والے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کے لیے نئے قرض کی منظوری متوقع ہے۔
یوتھ وژن نیوز کے مطابق، آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولیا کوزیک نے تصدیق کی ہے کہ 25 ستمبر کو ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں پاکستان کے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام پر غور کیا جائے گا۔ مذاکرات جولائی میں مکمل ہو چکے تھے اور اب منظوری کے آخری مراحل میں ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ٹیم کی محنت کو سراہا، جنہوں نے مذاکرات کے حتمی مراحل میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ معیشت اب استحکام کی جانب گامزن ہے اور پالیسی ریٹ میں کمی کے ساتھ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ مہنگائی میں کمی کے بعد عوام کو ریلیف ملنا شروع ہو چکا ہے۔