عمران خان کی روش اپنائی تو ہم بھی جیل میں ہوں گے، بلاول بھٹو
یوتھ ویژن نیوز : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے بانی تحریک انصاف عمران خان کی طرح سیاست کی تو کل ہمیں بھی جیل جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں اختلافات اپنی جگہ، مگر پارلیمان اور آئین کی بالادستی ضروری ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پارلیمان ملک کا سپریم ادارہ ہے اور اس کا احترام ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اگر اسمبلی کے رکن ہیں تو سیاست کے ساتھ ایک ورکنگ ریلیشن شپ بھی برقرار رکھنی ہوگی۔ انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے اور اس کامیابی پر حکومت کی تعریف کی جانی چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میثاقِ جمہوریت پر عمل کرنے کے بجائے سیاسی جماعتوں نے غیرسیاسی قوتوں کو جگہ دی جس سے آج سیاسی ماحول خراب ہوا ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں اسی روش پر چلیں گی تو کوئی ایک دوسرے سے بات کرنے کو بھی تیار نہیں ہوگا۔
بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے اشتعال انگیز رویے پر بھی نکتہ چینی کی اور کہا کہ ایسی سیاست صوبے کے عوام کی خدمت نہیں ہے۔