اسپیکر نے پارلیمانی ذمے داریوں کا حق ادا کردیا، مصطفیٰ کمال
یوتھ ویژن نیوز : ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی کے رکن سید مصطفیٰ کمال نے اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے گزشتہ شب ہونے والے ہنگامے کے ردِ عمل پر اسپیکر قومی اسمبلی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر صاحب نے اپنے تبصرے اور فیصلوں کے ذریعے اپنی کرسی کا حق ادا کر دیا۔
سید مصطفیٰ کمال نے اپنے خطاب میں سیاسی بحران کی وجوہات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ملک میں موجودہ سیاسی بحران کا سبب ایک مصنوعی اور خودساختہ بیانیہ ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک غلط تصور پروان چڑھایا جا رہا ہے کہ جب تک اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بیانیہ نہ دیا جائے، عوام کی حمایت حاصل نہیں کی جا سکتی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایوان میں ہونے والی تعمیری بحث اور ایک دوسرے کو قبول کرکے ملک کو آگے بڑھانے کی باتیں میڈیا میں شہ سرخیوں کا حصہ نہیں بنتیں۔ سوشل میڈیا پر بیٹھے نام نہاد نقاد مثبت باتوں کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں اور سیاسی شخصیات کے بیانیے کو مسخ کر کے عوام کے سامنے پیش کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں : اسپیکر کا وزارت داخلہ کو پی ٹی آئی اراکین کی گرفتاریوں کی تحقیقات کرنے کا حکم
سید مصطفیٰ کمال نے خبردار کیا کہ سیاسی قوتوں کو سوچنا ہوگا کہ کب تک اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیے کا سہارا لے کر سیاست کی جائے گی، کیونکہ اس بیانیے کا استعمال ایک خطرناک کھیل ہے جس کے نتائج ملکی استحکام کے لیے مضر ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کو روکنے والوں کو ایجنٹ کہا جاتا ہے، حالانکہ ہر رکن پارلیمنٹ کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے لیڈر کے مفاد سے بالاتر ہوکر ملکی مفادات کو ترجیح دے۔
آخر میں سید مصطفیٰ کمال نے حکومتی اراکین سے اپیل کی کہ وہ پی ٹی آئی کے مسائل اور مجبوریوں کو سمجھتے ہوئے ان کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اپنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حزبِ اختلاف کو بھی اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے مواقع دیے جائیں، تاکہ ایوان میں بہتر بحث و مباحثہ ممکن ہو سکے۔