فیصل واوڈا کا حکومت پر وار،”اسٹیبلشمنٹ مخالف اقدامات میں حکومت اور پی ٹی آئی ایک جیسے”
اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت وہی اقدامات کر رہی ہے جو پہلے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور اسپیکر کو کچھ علم نہیں اور ملک آٹو پائلٹ پر چل رہا ہے۔ اگر حکومت اپنی خواتین کا دفاع نہیں کر سکتی، تو بہتر ہے کہ وہ خود کو پیچھے کر لے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اسلام آباد سے لمبی میٹنگ کرکے گئے ہیں، اور ان کا کوئی ویڈیو بیان سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگلی بار گنڈا پور کے لیے پیٹس گرم اور ساتھ میں کریم بھی ہوگی۔
انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اب وہی کھیل کھیل رہی ہے جو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف پی ٹی آئی نے کیا تھا۔ گرفتاریاں کرتے وقت جمہوری نہیں تھے اور اب جمہوری ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ حکومت نے اگر کوئی اسٹینڈ لیا ہے، تو اسے اس پر قائم رہنا چاہیے اور جمہوریت اور آمریت کا کھیل نہیں کھیلنا چاہیے۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو معلوم تھا کہ کچھ بڑا ہونے والا ہے، اور دنیاوی و قانونی طور پر ان کا جیل سے باہر آنا ممکن نظر نہیں آتا۔