پارلیمنٹ چارٹر کے لیے 18 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل، حکومتی و اپوزیشن نمائندگی شامل
اسلام آباد: سیاسی جماعتوں کے درمیان پارلیمنٹ کے چارٹر اور اس کی بہتر کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے 18 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں 12 حکومتی اور 6 اپوزیشن اراکین شامل ہیں۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، کمیٹی کا قیام قومی اسمبلی کے رول 244 بی کے تحت عمل میں آیا ہے۔ اس کا مقصد پارلیمنٹ، آئین اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط پر غور کرکے پارلیمنٹ کے فنگشن کو بہتر بنانے کے لیے سفارشات پیش کرنا ہے۔
کمیٹی میں مختلف سیاسی جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے۔ کمیٹی میں حکومتی اراکین میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، خورشید شاہ، نوید قمر، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سید امین الحق، چوہدری سالک، اور عبدالعلیم خان شامل ہیں۔
دوسری جانب اپوزیشن کی جانب سے اختر مینگل، بیرسٹر گوہر علی، حامد حسین، شاہدہ اختر علی، خالد مگسی، اعجاز الحق، اور محمود خان اچکزئی خصوصی کمیٹی کے اراکین ہوں گے۔
یہ کمیٹی پارلیمنٹ کے بہتر فنگشن اور اس کے قواعد و ضوابط کی بہتری کے حوالے سے جامع سفارشات تیار کرے گی، جن پر بعد میں غور کیا جائے گا۔